asif-ali-zardari-pti-workers-attack-on-opposition-leaders

ن لیگی رہنماؤں پر حملے پر آصف علی زرداری کا ردِ عمل

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے ن لیگی رہنماؤں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ سیاسی عدم برداشت کا ثبوت ہے۔

صدر آصف زرداری نے رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کو فون کر کے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک، اور مریم اورنگ زیب پر حملے کی مذمت کی۔

پی پی شریک چیئرمین نے کہا رہنماؤں پر حملہ سیاسی عدم برداشت کا ثبوت ہے، عمران خان سیاسی شکست پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا مریم اورنگ زیب سے توہین آمیز سلوک قابل مذمت ہے، عمران خان نے سیاست میں گالی اور عدم برداشت کا عنصر پیدا کیا، پی ڈی ایم رہنماؤں پر حملے سے غیر جمہوری سوچ ظاہر ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں اپوزیشن رہنما میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران صبح سے ڈی چوک پر موجود پی ٹی آئی کارکنان نے اپوزیشن کے خلاف چور اور غدار کے القابات کے ساتھ سخت نعرے بازی شروع کر دی، میڈیا گفتگو کے بعد لیگی رہنما سندھ ہاؤس کی جانب روانہ ہونے لگے تو پی ٹی آئی کارکنان نے نون لیگی رہنماؤں کو زد و کوب کیا۔

پی ٹی آئی کارکنان نے مصدق ملک کو دھکے دیے، اور شاہد خاقان عباسی سے ہاتھا پائی کی، شاہد خاقان اور پی ٹی آئی کارکن نے ایک دوسرے کو تھپڑ بھی مارے، مریم اورنگ زیب پر بھی حملہ کیا گیا جب کہ احسن اقبال کو جوتا مارا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں