سوشل میڈیا پر یوکیرن کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کا ایک کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ یوکرین کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ آج میں وہ الفاظ ادا کروں گا جن کا عرصے سے انتظار تھا، اور یہ کہتے ہوئے میں فخر محسوس کرتا ہوں۔ یوکرین متحد ہے۔ یہ ہماری جیت ہے۔
یہ حقیقی تقریر نہیں ہے، یہ سرونٹ آف دی پیپل یعنی عوام کا خادم نامی ایک کامیڈی ٹی وی سیریز سے لی گئی ہے جس میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے مرکزی کردار ادا کیا۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق اس ٹی وی سیریز نے نہ صرف ولادیمیر زیلینسکی کو ایک اسٹار بنا دیا بلکہ ملک کی صدارت کے لیے بھی راستے کھولے۔
اپریل 2019 میں اس شو کے فائنل کے ایک ماہ بعد کامیڈین سے سیاستدان بننے والے ولادیمیر زیلینسکی ملک کے صدر منتخب ہو گئے، جمعے کو بھی انہوں ایک ایسی ہی تقریر کی جب روس نے یوکرین پر کئی اطراف سے حملہ کر دیا۔
جمعے کی صبح ولادیمیر زیلینسکی نے ٹی وی پر ایک دلیرانہ خطاب کیا اور ملک کا دفاع کرنے پر یوکرینی فورسز کی تعریف کی۔
ہفتے کے روز ٹویٹر پر ایک ویڈیو بیان میں یوکرین کے صدر نے ملک سے نکلنے سے امریکی پیشکش کو مسترد کیا اور کہا کہ میں دارالحکومت ہی میں رہوں گا، کیونکہ لڑائی یہاں ہو رہی ہے۔
انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔
ولادیمیر زیلینسکی نے جمعے کو روسی صدر کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں ہر طرف لڑائی جاری ہے۔ آئیں مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر لوگوں کو مرنے سے بچائیں۔
روس کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے جمعے کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک منسک میں بات چیت کے لیے تیار ہے، ولادیمیر زیلینسکی کے ایک مشیر نے سی این این کو بتایا کہ وہ اس تجویز پر غور کر رہے ہیں۔
جمعے ہی کو روسی صدر نے یوکرینی عوام سے اپیل کہ وہ خود ہی ولادیمیر زیلینسکی کی حکومت کا خاتمہ کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار اپنے ہاتھوں میں لے لیں، مجھے لگتا ہے کہ کیئف میں بسنے والے نشیئوں اور نیو نازیوں کے بجائے آپ کے ساتھ ایک معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے جنہوں پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
سنہ 2019 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے ولادیمیر زیلینسکی کی حکومت مشکلات کا شکار رہی ہے اور پھر کرونا کی وبا نے مشرقی یوکرین میں جنگ روکنے اور کرپشن ختم کرنے کے وعدے پورے نہ ہونے دیے۔
اس وقت ولادیمیر زیلینسکی کو محض اقتدار سے ہاتھ دھونے کا ہی نہیں بلکہ جان کا بھی خطرہ ہے۔