دنیا بھر میں انٹرنیٹ پر ایک سیکنڈ میں کتنے سائبر حملے ہوتے ہیں؟ سنسنی خیز انکشاف

دنیا بھر میں انٹرنیٹ پر ایک سیکنڈ میں کتنے سائبر حملے ہوتے ہیں؟ سنسنی خیز انکشاف

آج دنیا کے کاروبار زندگی کی روانی میں انٹرنیٹ کا عمل دخل بہت زیادہ ہو چکا ہے لیکن انٹرنیٹ کو سائبر حملوں کا خطرہ رہتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک سائبر سیکیورٹی کمپنی کی جانب سے نئے اعداد وشمار جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق دنیا بھر میں انٹرنیٹ پر ہر ایک سیکنڈ میں 530 سے زائد سائبر حملے ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سائبر سیکیورٹی ماہرین روزانہ 4 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ ممکنہ سائبر حملوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔

ٹیلی کام جائنٹس بی ٹی کا کہنا تھا کہ ہیکرز سائبر دفاع کی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے کے لیے آٹو میشن اور مشین لرننگ کا استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ سے جڑی ڈیوائسز کی تلاش میں لگے رہے۔

بی ٹی کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق گزشتہ 12 ماہ میں آئی ٹی، دفاع، بینکنگ اور انشورنس سیکٹر پر سب سے زیادہ سائبر حملے کیے گئے جبکہ خیراتی اداروں پر تقریباً 7 لاکھ 85 ہزار سائبر حملے کیے گئے۔

کمپنی نے خبردار کیا کہ سائبر حملوں کے اس رجحان سے تحفظات میں اضافہ ہونا چاہیے۔ بی ٹی کی جانب سے یہ اعداد و شمار سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے آگہی کے مہینے کے موقع پر شائع کیے گئے۔