انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار

انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار

اسلام آباد: انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار دے دیا ہے، اور تمام حکومتی اداروں کو ڈیٹا کے تحفظ کے لیے ڈارک فائبر استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں تمام صوبوں، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بیش تر حکومتی ادارے انٹرنیٹ سروسز کے لیے نجی فائبر آپٹکس پر انحصار کر رہے ہیں، جس سے سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آپٹیکل فائبر سے مخصوص طریقہ کار سے ڈیٹا چوری ہونے کا خدشہ ہے، اور ڈارک فائبر کے ذریعے ڈیٹا چوری کے امکانات انتہائی محدود ہیں، اس لیے اہم معلومات کی بذریعہ انٹرنیٹ ترسیل کے لیے ڈارک فائبر استعمال کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔