ٹائی ٹینک سے 5 گنا بڑے بحری جہاز کا پہلا سفر، دنگ کردینے والی تصاویر دیکھیں

ٹائی ٹینک سے 5 گنا بڑے بحری جہاز کا پہلا سفر، دنگ کردینے والی تصاویر دیکھیں

دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز 27 جنوری کو اپنے اولین سفر پر روانہ ہو رہا ہے۔

ٹائی ٹینک سے 5 گنا بڑا بحری جہاز آئیکون آف دی سیز 27 جنوری 2024 کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے اولین سفر پر روانہ ہوگا۔

رائل کیریبین نامی کمپنی کا یہ بحری جہاز اولین سفر میں ہزاروں مسافروں کو کیریبین لے کر جائے گا۔

رائل کیریبین گروپ کے ڈیزائن شعبے کے نائب صدر Sascha Lang کے مطابق یہ بہت بڑا جہاز ہے اور بچے اسے ضرور پسند کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئیکون آف دی سیز کے ڈیزائن پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور ہر حصے کا ڈیزائن مختلف ہے۔

یہ ٹائی ٹینک سے 5 گنا بڑا بحری جہاز ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
یہ ٹائی ٹینک سے 5 گنا بڑا بحری جہاز ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

اس جہاز میں متعدد تھیم سیکشنز موجود ہیں جیسے تھرل آئی لینڈ میں 6 واٹر سلائیڈز موجود ہیں جبکہ Absolute Zero نامی حصہ برف پر اسٹیکنگ کے لیے ہے۔

AquaDome نامی حصے میں آبشار نظر آئے گی۔

بحری جہاز کے کمروں کو 28 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
بحری جہاز کے کمروں کو 28 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

Sascha Lang نے بتایا کہ اس کروز جہاز میں مہمان ہمارے مختلف تھیم سیکشنز کی کھوج کر سکیں گے، جیسے رائل Promenade میں آپ سرف سائیڈ یا سینٹرل پارک میں چہل قدمی کر سکیں گے اور ایسا محسوس ہوگا کہ آپ کسی شہری علاقے میں گھوم رہے ہیں۔

اس میں ایک واٹر پارک بھی موجود ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
اس میں ایک واٹر پارک بھی موجود ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

اس بحری جہاز کے کمروں کو 28 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ان کمروں میں 3، 4، 5، 6 یا اس سے زائد افراد پر مشتمل خاندان قیام کر سکیں گے۔

اس میں آپ واٹر سلائیڈ کا مزہ بھی لے سکتے ہیں / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
اس میں آپ واٹر سلائیڈ کا مزہ بھی لے سکتے ہیں / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

اس کی سب سے سستی ٹکٹ بھی 1820 ڈالرز کی ہے جسے خریدنے والا مسافر 7 راتوں تک ایک عام کمرے میں قیام کرسکے گا۔

یہ سب سے مہنگا کیبن ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
یہ سب سے مہنگا کیبن ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

اس کے مقابلے میں سب سے مہنگا ٹکٹ 3 منزلوں پر مشتمل کیبن کا ہے جہاں متعدد سہولیات دستیاب ہوں گی۔

اس بحری جہاز میں 20 عرشے ہیں اور اس میں ایک وقت میں 5610 مسافر اور عملے کے 2350 افراد سفر کرسکیں گے۔

اس میں متعدد آسائشات موجود ہیں / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
اس میں متعدد آسائشات موجود ہیں / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

خیال رہے کہ یہ بحری جہاز 27 نومبر 2023 کو فن لینڈ میں رائل کیریبین کے حوالے کیا گیا تھا۔

اس بحری جہاز کی تعمیر 900 دنوں میں مکمل ہوئی اور 27 جنوری کو یہ میامی سے کیریبین کے لیے روانہ ہوگا۔

اس کی تعمیر 900 دنوں میں مکمل ہوئی / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
اس کی تعمیر 900 دنوں میں مکمل ہوئی / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

یہ 1198 فٹ بلند جہاز ہے جس کا وزن 2 لاکھ 50 ہزار 800 ٹن ہے، اسی وجہ سے اسے دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ قرار دیا گیا ہے۔

اس کے ہر حصے کی تھیم مختلف ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
اس کے ہر حصے کی تھیم مختلف ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

اس پر سفر کرنے والے افراد کو متعدد سہولیات دستیاب ہوں گی۔

یہ 1198 فٹ بلند جہاز ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین
یہ 1198 فٹ بلند جہاز ہے / فوٹو بشکریہ رائل کیریبین

اس میں 40 ریسٹورنٹس موجود ہیں جبکہ کمپنی کے مطابق اس میں بہت بڑا سوئمنگ پول بھی ہے جبکہ پہلی بار کسی جہاز میں واٹر پارک مسافروں کے لیے دستیاب ہوگا، جس میں 6 واٹر سلائیڈز ہوں گی۔