دنیا کے مختلف علاقوں میں رواں سال کے پہلے مکمل سورج گرہن کا نظارہ

دنیا کے مختلف علاقوں میں رواں سال کے پہلے مکمل سورج گرہن کا نظارہ

دنیا کے مختلف ممالک میں  رواں سال کے پہلے مکمل سورج گرہن کا نظارہ کیا گیا، سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا آغاز شمالی میکسیکو میں پاکستان کے وقت کے مطابق 8 اپریل کو رات 8 بج کر 42 منٹ پر ہوا، رات 11 بج کر 17 منٹ پر سورج گرہن اپنے عروج کو پہنچ گیا۔

سورج گرہن سب سے پہلے میکسیکو پھر ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس سمیت دیگر شمال مشرقی امریکی ریاستوں اور کینیڈا کے مشرقی صوبوں میں دیکھا گیا۔ سورج گرہن یورپ کے مغربی حصے میں بھی دیکھا گیا۔

مکمل سورج گرہن جنوبی امریکی ممالک میں دیکھا گیا، اس سے قبل جنوبی امریکا میں 1918 یعنی 106 برس قبل مکمل سورج گرہن دیکھا گیا تھا اور اگلی مرتبہ ایسا ہونے کا امکان 2079 سے پہلے نہیں ہے۔

سورج گرہن کا اختتام  پاکستان کے وقت کے مطابق 9 اپریل کی رات 1 بج کر 52 منٹ پر ہوا۔

خیال رہے کہ مکمل سورج گرہن کا عمل اس وقت ہوتا ہے جب چاند سورج اور زمین کے درمیان آکر سورج کی روشنی کو مکمل طور پر روک دیتا ہے جس سے کچھ سیکنڈز  یا  چند منٹ کے لیے مکمل طور پر اندھیرا ہو جاتا ہے اور دن میں بھی ایسا لگتا ہے کہ جیسے رات کا وقت ہو۔