Harbanspura Sub Office

ہربنس پورہ سب آفس میں گھریلو گیس کنکشنز لگانے میں گھپلے سامنے آ گئے

 سوئی گیس دفاتر میں مافیاز کی من مانیاں چلنے لگیں۔ ہربنس پورہ سب آفس میں گھریلو گیس کنکشنز لگانے میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہو گیا۔

رشوت دو، سوئی گیس کا کنکشن لو۔ محکمہ سوئی گیس دفاتر میں مافیا نے پنجے گاڑ لیے۔ نئے کنکشن لگوانے کے لیے پیسوں کا سرعام مطالبہ ہونے لگا۔ 90 فیصد نئے کنکشنز جعلی شناختی کارڈز اور غلط پتے پر لگائے گئے۔ انچارج ہربنس پورہ سب آفس نے جی ایم لاہور ریجن کو معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کے لئے خط لکھ دیا۔

خط میں بتایا گیا کہ سیلز، ڈسٹری بیوشن اور بلنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو سٹاف نے مبینہ ملی بھگت کی۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے کنکشنز لگانے والے شعبہ ڈویلپمنٹ کی تمام ٹیموں کو معطل کر کے انکوائری کی جائے۔

سیلز ڈیپارٹمنٹ کے یکم اپریل سے 20 اپریل تک کے ریکارڈ میں بھی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔ سیلز ڈیپارٹمنٹ نے متعدد صارفین کو ایک ہی روز ایک ہی نام سے مختلف علاقوں میں ڈیمانڈ نوٹسز جاری کئے۔ 20 روز میں 988 گھریلو کنکشنز کے ڈیمانڈ نوٹسز کا اجرا کیا گیا۔

چیف انجینئر کی مزید تفتیش کے دوران کہیں بھی اصل صارف نہیں ملے۔ سب آفس ہربنس پورہ سے  70فیصد کنکشنز جعلی پولیٹیکل ریفرنس پر بائے ہیڈ جاری ہوئے۔ صورتحال کے بعد معاملے پر ہائی پروفیشنل فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں