پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

سال 2023 بالی وڈ فلموں کے لیے خاصا اچھا ثابت ہوا ہے جہاں فلمیں سال کے جاتے جاتے بھی باکس آفس پر کامیابیاں سمیٹنے میں مصروف ہیں۔

اس سال کی دو بڑی فلمیں ریلیز ہونے میں چند ہی روز باقی ہیں جن میں شاہ رخ خان کی فلم ‘ڈنکی’ اور تیلگو فلموں کے اداکار پرابھاس کی ‘سالار پارٹ ون’ شامل ہیں۔

شاہ رخ خان اپنی فلم 21 دسمبر کو ریلیز کرنے جا رہے ہیں جب کہ پرابھاس کی فلم سالار 22 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ان دونوں میں سے کون سی فلم 2023 کی آخری سپر ہٹ فلم ثابت ہوگی؟ یہ کہنا قبل از وقت ہے۔ لیکن آج ہم آپ کو رواں برس کی کامیاب فلموں کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جنہوں نے باکس آفس پر خوب کامیابیاں سمیٹیں۔

1۔ اینیمل

پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

اداکار رنبیر کپور کی فلم اینیمل کی باکس آفس پر کامیابی کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے مجموعی طور پر 700 کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کمپنی ‘سیک نلک’ کے اعداد و شمار کے مطابق ‘اینیمل’ نے بھارت سے اب تک 476.84 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 772 کروڑ روپے کمائے ہیں۔

ایکشن اور ڈرامہ سے بھر پور فلم ‘اینیمل’ کی ہدایات سندیپ ریڈی ونگا نے دی ہیں جب کہ اس میں رنبیر کپور کے ساتھ ساتھ انیل کپور، بوبی دیول اور رشمیکا مندانا نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

فلم کی کہانی باپ اور بیٹے کی محبت کے گرد گھومتی ہے، کام کی وجہ سے اکثر باپ اپنے بیٹے کی محبت نہیں سمجھ پاتا جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان خلش پیدا ہو جاتی ہے۔

2۔ ٹائیگر 3

پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

بالی وڈ کے سلطان سلمان خان نے بھی رواں برس بالی وڈ کو ہٹ فلم دی۔ ان کی فلم ‘ٹائیگر 3’ 12 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی۔

ایکشن اور تھرل سے بھرپور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف اور عمران ہاشمی نے اداکاری کی ہے۔ فلم کی ہدایات منیش شرما نے دی اور اسے ادتیا چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔

‘ٹائیگر 3’ نے بھارت بھر سے 282.61 کروڑ روپے کمائے تھے جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 463.2 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

3۔ جوان

پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

رواں برس شاہ رخ خان کی دوسری فلم ‘جوان’ نے بھی خوب کامیابیاں سمیٹیں۔ فلم سات ستمبر کو ریلیز ہوئی تھی۔

فلم کی ہدایات آٹلی کمار نے دی ہے جب کہ اس میں اداکارہ ثانیہ ملہوترا، ردھی ڈوگرا اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے بھی مختصر کردار ادا کیے ہیں۔

‘جوان’ کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو معاشرے میں ہونے والی برائیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

شاہ رخ خان کی فلم نے بھارت بھر سے 640.25 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 1160 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

4۔ پٹھان

پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان جب چار برس بعد فلم ‘پٹھان’ کے ذریعے دوبارہ بڑے پردے پر آئے تو ان کی فلم نے خوب کامیابیاں سمیٹیں۔

‘پٹھان’ 25 جنوری کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔ ‘سیک نلک’ کے مطابق فلم نے بھارت سے 543.09 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا جب کہ دنیا بھر سے 1055 کروڑ روپے کمائے ہیں۔

فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ انند نے کی ہے جب کہ اس میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم نے اداکاری کی ہے۔

5۔ غدر 2

پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

غدر کا سیکوئل ریلیز ہوتے ساتھ ہی باکس آفس پر چھا گیا تھا۔ فلم میں سنی دیول کے ساتھ اداکارہ امیشا پٹیل نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

گیارہ اگست 2023 کو ریلیز ہونے والی فلم کی کہانی تارا سنگھ کے گرد گھومتی ہے جو پاکستان سے اپنے بیٹے کو ریسکیو کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

‘سیک نلک’ کے مطابق فلم نے بھارت سے 525.7 کروڑ بھارتی روپے جب کہ دنیا بھر سے 686 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

6۔ جیلر

پٹھان سے اینیمل تک؛ 2023 میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں کون سی رہیں؟

معروف اداکار رجنی کانتھ کی فلم ‘جیلر’ بھی رواں برس کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ہے۔ فلم میں اداکار رجنی کانتھ کے ساتھ تمنا بھاٹیا، لوہن لال، جیکی شروف اور سنیل ورما نے اداکاری کی ہے۔

ایکشن، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور یہ فلم نو اگست کو ریلیز ہوئی تھی جس کی ہدایات نیلسن دلیپ کمار نے دی ہیں۔

سیک نلک کے مطابق ‘جیلر’ نے بھارت بھر سے 384.55 کروڑ جب کہ دنیا بھر سے 604.5 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔