معروف گلوکار بلال سعید نے کانسرٹ کے دوران مداحوں پر مائیک پھینک کر مارنے کو اپنی غلطی قرار دیدیا۔
گلوکار بلال سعید نے گزشتہ روز پیش آئے واقعے سے متعلق انسٹاگرام اسٹوری پر وضاحت پیش کی۔
گلوکار نے اپنی اسٹوری پر لکھا کہ اسٹیج میرے لیے میری پوری دنیا ہے، اسٹیج پر پرفارم کرتے وقت میں ہمیشہ خود کو مکمل اور زندہ محسوس کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ اس دوران میں اپنی بیماری، اپنی ٹینشن پریشانی سب بھول جاتا ہوں اور جب میں اپنے مداحوں کیلئے پرفارم کرتا ہوں تو اپنی ہر چیز کو پیچھے چھوڑ دیتا ہوں، کچھ بھی ہوجائے میرے اور میری جو اسٹیج کیلئے عزت ہے اس کے درمیان کچھ نہیں آسکتا، مجھے اپنے مداحوں سے محبت ہے اور اکثر دونوں طرف سے محبت بہت زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔
گلوکار نے حالیہ کانسرٹ کے دوران ہونے والے حادثے پر لکھا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کسی نے کانسرٹ کے دوران مجمعے سے بد تمیزی کی ہو لیکن بالکل یہ پہلی بار ہے جس پر میں نے غلط ردعمل دیا اور مجھے اسٹیج کو کبھی چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ گلوکار بلال سعید نے میوزک کانسرٹ کے دوران طیش میں آکر اپنا مائیک مداحوں کی طرف کھینچ مارا تھا اور وہ غصے سے شو چھوڑ کر چلےگئے تھے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔