”روس ہمارے تاریخی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے“

”روس ہمارے تاریخی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے“

کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس ہمیں مٹانا چاہتا ہے، ہمارے تاریخی مقامات پر میزائل گرائے جا رہے ہیں۔

ایک ویڈیو خطاب میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ کیف میں روس نے ہولو کاسٹ میموریل کمپلیکس کو نشانہ بنایا، روس ہماری تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں جانتا لیکن ہماری تاریخ، ہمارے ملک اور ہم سب کو مٹانا چاہتا ہے۔

یوکرینی صدر نے ویڈیو خطاب میں دعویٰ کیا کہ ماسکو کے حملے کے دوران تقریباً چھ ہزار روسی مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ روس بموں اور فضائی حملوں سے یوکرین کا کنٹرول حاصل نہیں کر سکے گا۔

روس نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ اب تک اس کے کتنے فوجی ہلاک ہوئے۔ روس کا دعویٰ ہے کہ اس نے یوکرین کے 1502 فوجی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق روس کے مسلح دستوں نے خصوصی مہم کے دوران یوکرین کے 1502 فوجی ٹھکانوں کو تباہ کیا، روسی فضائیہ نے یوکرین کے فوجی ٹھکانوں پر بمباری کی۔

اس سے قبل یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا تھا کہ تمام غیر ملکی جو روسی قابضین کے خلاف مزاحمت اور عالمی سلامتی کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں، وہ ہمارے ملک آئیں اور ملک کی دفاعی فورسز کا حصہ بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کی جانب سے یوکرینی سرزمین کے دفاع کے لیے بین الاقوامی بریگیڈ ایک علیحدہ یونٹ تشکیل دیا جارہا ہے، یہ آپ کی طرف سے ہماری حمایت کی کلیدی گواہی ہوگی۔