عالمی شہرت یافتہ بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان دنیا کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔
ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے دنیا کے 8 امیر ترین اداکاروں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس کے مطابق شاہ رخ خان فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
شاہ رخ پہلے بھارتی اداکار ہیں جنہوں نے 770 ملین ڈالرز کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی اور امریکی اداکار ٹام کروز اور ہانگ کانگ کے اداکار جیکی چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان 770 ملین ڈالرز بھارتی روپے کے مطابق 6306 کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
اس فہرست میں 6 اداکاروں کا تعلق امریکا سے ہے، پہلی پوزیشن پر امریکی اداکار جیری سین فیلڈ، دوسری پر ٹیلر پیری اور تیسری پوزیشن پر ڈوین جانسن المعروف راک ہیں۔
چوتھی پوزیشن بھارت کے شاہ رخ خان کی ہے، پانچویں ٹام کروز، چھٹی ہانگ کانگ کے جیکی چین، ساتویں جارج کلونی اورآٹھویں اور آخری پوزیشن پر رابرٹ ڈی نیرو جیسے نامور اداکار ہیں۔
خیال رہے کہ 2022 میں فوبز نے اپنی رپورٹ میں دنیا کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں شاہ رخ خان کو 690 ملین ڈالرز کا مالک بتایا تھا یعنی رواں برس ان کے اثاثوں میں 80 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔