روس کا یوکرین کے 4 خطوں کے ساتھ الحاق کا اعلان

روس کا یوکرین کے 4 خطوں کے ساتھ الحاق کا اعلان

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے 4 خطوں کو اپنے ملک کا حصہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے ایک تقریب میں روسی صدر نے یوکرین کے 4 خطوں کے روس کے ساتھ الحاق کی دستاویز پر دستخط کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ‘یہ لاکھوں افراد کی مرضی ہے اور اب یہ چاروں روس کے نئے خطے بن چکے ہیں’۔

یہ اعلان یوکرین کے ان خطوں میں ایک ریفرنڈم کے بعد کیا گیا جس کے نتائج میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 99 فیصد عوام روس کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔

پانچ روز جاری رہنے والی پولنگ کے نتائج کو یوکرین اور مغربی ممالک نے مسترد کر دیا تھا۔

روسی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘ڈونیٹسک،لوہانسک، خیرسون اور زاپورزیا خطوں کے عوام اب ہمارے ہم وطن بن گئے ہیں’۔

انہوں نے یوکرین پر فوجی کارروائی روکنے اور مذاکرات کی میز پر آنے پر زور دیا۔

اس الحاق کا مطلب یہ بھی ہے کہ اب یہ جنگ اس سرزمین پر لڑی جارہی ہے جسے روس نے اپنا قرار دیا ہے۔

گزشتہ دنوں روسی صدر نے کہا تھا کہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ضرورت ہوئی تو ہم جوہری ہتھیاروں کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین کی حکومت نے روس کے قبضے میں چلے جانے والے مقامات کو دوبارہ حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے ان خطوں کے الحاق کا فیصلہ مذاکرات کے امکان کو ختم کردے گا۔