وائٹ بال سیریز: آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا

وائٹ بال سیریز: آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا

لاہور: پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے کے لئے آسٹریلیا کا 14 رکنی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کا 14 رکنی اسکواڈ خصوصی فلائٹ کے زریعے آج لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچا، جہاں انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں لاہور کے نجی ہوٹل پہنچایا گیا۔

وائٹ بال سیریز میں حصہ لینے والے کھلاڑی تین روزہ آئسولیشن مکمل کرنے بعد اتوار سے پریکٹس شروع کرینگے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایرون فنچ آسٹریلیا کے کپتان ہونگے۔

سیریز کا پہلا ون ڈے 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا دو اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی بھی 5 اپریل کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،تینوں ون ڈے میچز سہ پہر 3 بجے جبکہ ٹی ٹوئنٹی رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر

دوسری جانب پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے شدت سے منتظر شائقین کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ بال سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے، تمام ٹکٹس بک می ڈاٹ پی کے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

ون ڈے میچوں کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 500 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 3000 روپے رکھی گئی ہے جب کہ سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹ کی قیمت 500 سے لے کر 4 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ایک شناختی کارڈ پر 6 ٹکٹس تک خریدے جاسکتے ہیں۔