اواتار 2 سے بہت زیادہ کمانے کے بعد ڈائریکٹر اب کس چیز پر مجبور ہوگئے ہیں؟

اواتار 2 سے بہت زیادہ کمانے کے بعد ڈائریکٹر اب کس چیز پر مجبور ہوگئے ہیں؟

ہالی وڈ فلم اواتار دی وے آف واٹر نے دنیا بھر میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے جس کے بعد ڈائریکٹر جیمز کیمرون کو اس سیریز کی مزید 3 فلمیں بنانے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

اواتار 3 کی عکسبندی وہ پہلے ہی مکمل کرچکے ہیں مگر اب انہیں اواتار 4 اور 5 مکمل کرنے کے لیے مجبور کیا جائے گا۔

یہ دلچسپ انکشاف جیمز کیمرون نے ایک انٹرویو کے دوران کرتے ہوئے کہا کہ ‘ایسا لگتا ہے کہ اب میں بچ نہیں سکتا اور مجھے یہ سب فلمیں کرنا ہوں گی’۔

جیمز کیمرون پہلے ہی اواتار سیریز کی 5 فلمیں تیار کرنے کا اعلان کرچکے ہیں مگر کچھ عرصے پہلے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ اواتار 2 اتنی مہنگی فلم ہے کہ اگر اس سے ہمیں نقصان ہوا تو ہم 5 کی بجائے 3 فلموں سے ہی سیریز کو ختم کردیں گے۔

اب نئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فلم کی آمدنی دیکھ کر عندیہ ملتا ہے کہ آئندہ چند روز میں یہ فلم منافع کمانے لگے گی۔

انہوں نے کہا کہ ‘باکس آفس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ مجھے تمام فلمیں بنانا پڑیں گی اور اب میں جانتا ہوں کہ آئندہ 6 یا 7 سال مجھے کیا کرنا ہے’۔

انہوں نے یہ واضح کیا کہ فلم کو نقصان سے بچنے کے لیے 2 ارب ڈالرز کمانے کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے کبھی ایسے نمبر نہیں بتائے، میں نے بس یہ کہا تھا کہ اسے تاریخ کی چند سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں سے ایک بننا ہوگا’۔

اس انٹرویو میں بھی انہوں نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ باکس آفس پر کتنی آمدنی سے ظاہر ہوگا کہ فلم سے منافع حاصل ہوا ہے۔

جیمز کیمرون نے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ بہت جلد ہم ڈزنی کے اعلیٰ عہدیداران سے اواتار 3 کے لیے بات چیت کررہے ہوں گے، جس کو ہم پہلے ہی مکمل کرچکے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم پہلے ہی پوری فلم کی عکسبندی کرچکے ہیں اور اب پوسٹ پروڈکشن یعنی کمپیوٹر گرافکس کے جادو پر کام کرنا ہوگا، جبکہ اواتار 4 اور 5 کا اسکرپٹ تحریر ہوچکا ہے بلکہ ہم اواتار 4 کے کچھ حصے پر بھی کام کرچکے ہیں، اب ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ سیریز کئی فلموں پر مشتمل ہوگی’۔

خیال رہے کہ اواتار سیریز کی تیسری فلم 20 دسمبر 2024 کو ریلیز کی جانی ہے۔

جیمز کیمرون کے مطابق اواتار کے آخری حصوں کی کہانی بہترین ہوگی کیونکہ اولین حصے تعارف پر مبنی ہیں۔