منی پور فسادات: بھارتی وزیراعظم مودی کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع

منی پور فسادات: بھارتی وزیراعظم مودی کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع

منی پور فسادات پر مودی حکومت کیخلاف بھارتی لوک سبھا میں اپوزیشن اتحاد کی تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز ہو گیا۔

لوک سبھامیں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گوروگگوئی نے مودی حکومت پرسوالوں کی بوچھاڑ کرتے ہوئے بحث کا آغاز کیا۔

گوروگگوئی کا کہنا تھا کہ منی پور فسادات پر مودی نے چپ کا روزہ رکھ لیا ہے، منی پور فسادات پر 80دن میں بولے تو وہ بھی صرف 30 سیکنڈ کیلئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی اب تک منی پور کیوں نہیں گئے، منی پور کے وزیراعلیٰ کو اب تک کیوں نہیں ہٹایاگیا۔

انہوں نے کہا کہ منی پور انصاف چاہتا ہے اور یہ ایوان حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد،انڈیا، یہ تحریک عدم اعتماد منی پور کیلئے لایا ہے، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 26 جولائی کوتحریک عدم اعتماد لانے کا نوٹس دیا تھا۔

لوک سبھا میں مودی حکومت کیخلاف اپوزیشن اتحاد کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعرات کی شام متوقع ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ منی پور میں 3 مئی سے جاری نسلی فسادات میں 160 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔