وہ فلم جو 3 ارب ڈالرز کے بزنس کا ریکارڈ قائم کرنے کیلئے تیار

وہ فلم جو 3 ارب ڈالرز کے بزنس کا ریکارڈ قائم کرنے کیلئے تیار

اب تک دنیا میں کوئی بھی فلم 3 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب نہیں ہوسکی مگر بہت جلد ایسا ممکن ہونے والا ہے۔

اور یہ اعزاز ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی فلم ‘اواتار’ کے پاس جانے والا ہے۔

جیمز کیمرون کی 2009 کی یہ فلم ایک بار پھر دنیا بھر میں ریلیز کی جارہی ہے تاکہ اس کے دوسرے حصے اواتار دی وے آف واٹر کے لیے لوگوں میں دلچسپی بڑھائی جاسکے۔

یہ فلم 23 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جارہی ہے اور اس بار یہ نئے 4K ڈائنامک ریزولوشن میں دکھائی جائے گی۔

اس بات کا قوی امکان ہے کہ دوبارہ ریلیز ہونے کے بعد اواتار کا لائف ٹائم بزنس 3 ارب ڈالرز کا سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوجائے۔

ابھی اواتار نے 2 ارب 84 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا ہوا ہے جبکہ 3 ارب ڈالرز تک پہنچنے کے لیے اسے مزید 15 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز درکار ہیں۔

ویسے اواتار پہلے ہی دنیا میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے اور اس کے بعد جو فلم ہے وہ ایوینجرز اینڈ گیم ہے۔

خیال رہے کہ لگ بھگ 10 سال تک سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا ریکارڈ اواتار کے نام رہا تھا جو 2019 میں ایوینجرز اینڈ گیم نے توڑا۔

مگر مارچ 2021 میں اواتار کو چین میں دوبارہ ریلیز کیا گیا اور اس نے ایک بار پھر سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

اس فلم کا دوسرا حصہ دسمبر 2022 میں ریلیز ہورہا ہے جس کا دورانیہ 3 گھنٹے کا ہوگا۔

موجودہ شیڈول کے مطابق اواتار 3 کو 2024، اواتار 4 کو 2026 اور اواتار 5 کو 2028 میں ریلیز کیا جانا ہے۔