عالمی وبائی مرض کورونا کے چین میں دوبارہ پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر شنگھائی کا ڈزنی لینڈ اچانک بند کردیا گیا ہے۔
عالمی وبائی مرض کورونا کے چین میں دوبارہ سر اٹھانے کے خدشے کے پیش نظر شنگھائی کا ڈزنی لینڈ اچانک بند کردیا گیا جس کے باعث ڈزنی لینڈ میں تفریح کے لیے موجود سیاح پھنس گئے، تفریح گاہ کی انتظامیہ نے وہاں موجود تمام سیاحوں کا کورونا کا ٹیسٹ کیا اور ان کی رپورٹ منفی آنے پر ہی انہیں وہاں سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں ہالووین کا تہوار منایا جا رہا ہے، چین میں بھی کئی مقامات پر تہوار کی مناسبت سے تقریبات رکھی گئی تھیں تاہم اچانک معروف شنگھائی ڈزنی پارک کو نہ صرف بند کردیا گیا اور اندر موجود سیاحوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور صرف منفی ٹیسٹ والوں کو وہاں سے نکلنے کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جن سیاحوں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئیگا انہیں ڈزنی لینڈ پارک میں اس وقت تک قیام کرنا پڑے گا جب تک کہ ان کا اگلا کورونا ٹیسٹ منفی نہیں آجاتا، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ نہیں بتایا کہ پارک میں کتنے افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شنگھائی ڈزنی لینڈ پارک کی بندش غیر معینہ مدت تک کے لیے ہے تاہم کھلنے کے بعد بھی یہاں آنے والے سیاحوں کو تین دن کے اندر کرایا جانے والا کورونا ٹیسٹ دکھانا ہوگا جو منفی ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ چین کے شہر شنگھائی میں 30 اکتوبر کو مقامی طور پر منتقل ہونے والے 10 جب کہ 31 اکتوبر کو 22 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تاہم ان تمام افراد میں کورونا کی علامتیں نہ ہونے کے برابر تھیں۔
ایسا گزشتہ برس نومبر میں بھی ہوا تھا جب کہ کورونا کیسز میں اضافے پر پارک کو دو دن کے لیے بند کر دیا گیا تھا اور 30 ہزار سیاح اندر پھنس گئے تھے۔
واضح رہے کہ چین ہی وہ ملک ہے جہاں سے عالمی وبائی مرض کورونا کا 2019 میں آغاز ہوا تھا اسی مناسب سے اسے کووڈ 19 بھی کہا جاتا ہے اور اس نے دنیا بھر میں تباہی مچا دی تھی، چین نے کورونا کے بعد سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں، اسی باعث چین میں تین سال کورونا کی پابندیوں کے باعث عوامی مقامات پر تہوار منانے پر پابندی تھی تاہم اس سال ہر جگہ کثیر تعداد میں جمع ہوکر شہریوں نے ہالووین کا تہوار منایا تھا۔