کیف میں کرفیو نافذ

کیف میں کرفیو نافذ

کیف: یوکرین نے اپنے دارالحکومت میں کرفیو نافذ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بڑھتی شیلنگ کے سبب 36 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

میئر کیف وٹالی کلچکوف نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے مسلسل بمباری کی وجہ سے کیف میں آج شام 8 بجے سے جمعرات کی صبح 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ خصوصی اجازت کے بغیر شہر میں نقل و حرکت کرنا ممنوع ہوگا، تاہم بموں سے محفوظ پناہ گاہوں تک جانے کی اجازت ہوگی۔

میئر کیف کے مطابق روسی افواج نے باہر سے دارالحکومت میں کئی اپارٹمنٹ بلاکس کو نشانہ بنایا ہے، اور تازہ ترین حملوں میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے، گولہ باری سے ایک 15 منزلہ اپارٹمنٹ کی عمارت میں زبردست آگ بھی بھڑک اٹھی ہے، جس میں لوگ پھنس گئے۔

A suspected Russian missile attack on an apartment building in the Ukrainian capital early Tuesday killed at least four people and sparked a frenzied effort to rescue residents, prompting Kyiv Mayor Vitali Klitschko to announce a curfew. https://t.co/x3zIgMS9J2

— The Washington Post (@washingtonpost) March 15, 2022

یوکرینی حکام کے مطابق ایک دھماکے سے لگنے والے جھٹکوں سے شہر کے ایک میٹرو اسٹیشن کے داخلی راستے کو بھی نقصان پہنچا، اس میٹرو اسٹیشن کو بموں سے پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، سٹی حکام نے کہا ہے کہ ٹرینیں اب اسٹیشن پر نہیں رکیں گی۔

میئر کیف وٹالی کلچکوف نے کہا کہ دارالحکومت یوکرین کا دل ہے اور اس کا دفاع کیا جائے گا، خیال رہے کہ روسی افواج نے کیف کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔