بھارت میں 11 سالہ بچے کو 80 فٹ گہرے کنویں سے 104 گھنٹے بعد زندہ نکال لیاگیا

بھارت میں 11 سالہ بچے کو 80 فٹ گہرے کنویں سے 104 گھنٹے بعد زندہ نکال لیاگیا

بھارت میں 80 فٹ گہرے کنویں میں گرنے والے 11 سالہ گونگے اور بہرے بچے راہول ساہو کو 104 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد زندہ نکال لیا گیا۔

بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع جنگجیر کے مقامی گاؤں میں 10 جون کو 11 سالہ راہول ساہو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 80 فٹ گہرے کنویں میں گرگیا تھا۔

بچے کو کنویں سے نکالنے کیلئے 5 روز تک ریسکیو آپریشن جاری رہا اور 400 سے زائد رضا کاروں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

10 جون کو 11 سالہ راہول ساہو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 80 فٹ گہرے کنویں میں گرگیا تھا— فوٹو: اے این آئی
 10 جون کو 11 سالہ راہول ساہو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 80 فٹ گہرے کنویں میں گرگیا تھا— فوٹو: اے این آئی

رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب 11 سالہ راہول کو زندہ نکالا گیا اور وہ تقریباً 104 گھنٹے کنویں میں پھنسا رہا۔

بچہ کمزوری اور اسکن انفیکشن کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بچے کو کنویں میں پائپ لائن کے ذریعے آکسیجن پہنچائی جاتی رہی اور ماہرین کی ٹیموں نے کیمروں کے ذریعے بچے پر نظر رکھی۔

دوسری جانب بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ نے اسپتال کا دورہ کیا اور بچے کی عیادت کی۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان کے صوبے زابل میں  6 سالہ بچہ کنویں میں گرگیا تھا تاہم 4 روز کے ریسکیو آپریشن کے بعد بھی بچے کو بچایا نہیں جا سکا تھا۔