وہ سوشل میڈیا سروس جہاں آپ براہ راست غزہ کے لوگوں کی صورتحال دیکھ سکتے ہیں

وہ سوشل میڈیا سروس جہاں آپ براہ راست غزہ کے لوگوں کی صورتحال دیکھ سکتے ہیں

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو ایک ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا ہے اور دنیا بھر کے افراد وہاں کی اپ ڈیٹس حاصل کرنے کے لیے روایتی میڈیا اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس کا رخ کر رہے ہیں۔

مگر کسی بھی سوشل نیٹ ورک کے برعکس اسنیپ چیٹ کی ایک سروس غزہ کی صورتحال اور وہاں کے لوگوں کی حقیقی مشکلات کی جھلک پیش کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے دوران صحافیوں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے اور کم از کم 30 سے زائد صحافی اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے شہید ہوچکے ہیں، جبکہ ان کے ساتھیوں کو کوریج کے لیے سہولیات میں کمی کا سامنا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک اور ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غزہ کی صورتحال جاننے کے لیے اسنیپ میپ کے استعمال کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر اسنیپ میپ کو استعمال کرنے کے لیے اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ کی ضرورت نہیں اور اس کے ذریعے غزہ کے متعدد متاثرہ حصوں کی جھلکیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔

اسنیپ چیٹ نے تسلیم کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں کے بعد اس کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

غزہ کے رہائشیوں کی جانب سے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسرائیلی بمباری، تباہی اور دیگر مشکلات کو دنیا کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے۔

2017 میں متعارف کرائے جانے والا یہ ٹول گوگل یا ایپل میپس سے مختلف ہے کیونکہ اس میں رئیل ٹائم ویڈیوز دیکھنا ممکن ہے۔

خیال رہے کہ گوگل اور ایپل نے اپنی میپس سروسز کو غزہ اور اسرائیل میں محدود کر دیا ہے اور لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس دیکھنا ممکن نہیں۔

مگر اسنیپ چیٹ نے اپنے ہیٹ (heat) میپ سروس کو برقرار رکھا ہے تاکہ صارفین غزہ کی صورتحال کو دنیا کے ساتھ شیئر کر سکیں۔

کمپنی کے مطابق ایسے مواد پر نظر رکھی جاتی ہے جو گمراہ کن یا تشدد پر اکسانے والا ہو۔

یہی وجہ ہے کہ یہ پلیٹ فارم خبروں کے حصول کا ایک بااعتماد ذریعہ بن گیا ہے کیونکہ اس کی جانب سے مواد کو جانچ پڑتال کے بعد ہی پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اسنیپ چیٹ کا کردار واضح ہے کہ عالمی ایونٹس کا مشاہدہ اور ان کی رپورٹنگ کے لیے کس طرح کام کرنا چاہیے۔