سابق صدر آصف زرداری کی والدہ انتقال کرگئیں

سابق صدر آصف زرداری کی والدہ انتقال کرگئیں

کراچی: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی والدہ اور حاکم علی زرداری مرحوم کی دوسری اہلیہ زریں آرا بخاری انتقال کرگئیں۔

ترجمان زرداری ہاؤس کے مطابق زریں آرا بخاری گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل ہونے کی وجہ سے کراچی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھی۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی والدہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری تمام مصروفیات ختم کرکے اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگئے ہیں۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحومہ زرین آرا کی تدفین آبائی قبرستان بالو جاقبہ نواب شاہ میں کی جائے گی،

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنی دادی زرین آرا کی علالت کے باعث کراچی روانہ ہوئے تھے اور انہوں نے دادی کی علالت کے باعث لاہور کا دورہ منسوخ کیا تھا۔