پاکستان کے 14ویں صدر آصف علی زرداری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

پاکستان کے 14ویں صدر آصف علی زرداری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

پاکستان کے 14ویں صدرآصف علی زرداری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر عارف علوی، قائد ن لیگ نوازشریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو،آصفہ بھٹو زرداری  شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ  صوبائی گورنرز اور غیر ملکی سفارت کار بھی شریک ہوئے۔

صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک نہیں ہوئیں جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی دعوت کے باوجود تقریب میں شریک نہ ہوئے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے نو منتخب صدر آصف علی زرداری سے حلف لیا۔انہوں نے حلف صدارت انگریزی زبان میں لیا۔

حلف برداری ہوتے ہی ایوان صدر جیئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری واحد سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے۔