لاہور: مسلم لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دے دیا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تھوڑا صبر کرلو بھائی، حوصلہ کرو۔
مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’عدم اعتماد میں ابھی کچھ دن باقی ہیں، آپ ابھی سے ہتھیار پھینک کر اپوزیشن کی نشست پر آگئے ہیں۔‘
تھوڑا صبر کر لو بھائی، حوصلہ کرو @ImranKhanPTI عدم اعتماد میں ابھی کچھ دن ہیں۔
آپ ابھی سے ہتھیار پھینک کر اپوزیشن کی نشست پر آگئے ہو؟— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 9, 2022
دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی آج کی تقریر سے واضح ہوگیا کہ انہوں ںے شکست تسلیم کرلی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کے دستخط سے چار لوگوں کے نام پر فنڈنگ آتی ہے، وزیراعظم بتائیں یہ چاروں کون سے چپڑاسی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے 20روپے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کیا، اندرون سندھ والوں سے کہتا ہوں کہ زرداری سے آزادی کا وقت آگیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب گیدڑ کی موت آتی ہے تو شہر کی طرف بھاگتا ہے، ان کی سیاسی موت آئی ہے تو انہوں نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، میں بڑی دیر سے ان چوروں اور ڈاکوؤں کا انتظار کررہا تھا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں 25سال سے ان چوروں کیخلاف سیاست نہیں بلکہ جہاد کررہا ہوں، میں ساڑھے3سال سے ملک کو سنبھال رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ملک سے اربوں ڈالر چوری کرکے بیرون ملک لے کرگئے میں سوچ رہا تھا کہ کسی طرح ان کی گردن میرے ہاتھ میں آجائے۔