اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اتحادیوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے مذاکرات، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر امور پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اتحادیوں سے غریب طبقے پربوجھ نہ ڈالنے سے متعلق ریلیف پیکج پرمشاورت کی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ٹارگیٹڈ سبسڈی پر بھی اتحادیوں کواعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق ٹارگیٹڈ سبسڈی میں موٹرسائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو ریلیف دیاجائےگا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے سوا کروڑ لوگ مستفید ہوں گے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ٹارگیٹڈ سبسڈی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ کسی جتھے کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ماضی میں جو وقت ضائع ہوگیا مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے،ملک کی معاشی صورتحال میں استحکام پیدا کرنے کی کوشش کریں گے.