اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد جمع، کل اجلاس کی صدارت کون کرے گا؟

متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے بعد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔

اس وقت قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے خلاف قرارداد عدم اعتماد کے ساتھ ساتھ اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف بھی عدم اعتماد کی قراردادیں جمع ہیں۔

قومی اسمبلی رولز کے مطابق اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر اس اجلاس کی صدارت نہیں کرے گا جس میں ان کو ہٹانے کی

قرارداد عدم اعتماد زیر غور ہو۔

قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں پینل آف چیئر میں امجد علی خان، منزہ حسن، عمران خٹک، ایاز صادق، سید غلام مصطفیٰ شاہ اور انجینیر صابر حسین قائم خانی شامل ہیں۔

تاہم اسمبلی رولز کے مطابق اسپیکر اسد قیصر اورڈپٹی اسپیکر قاسم سوری وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ کے دن اجلاس کی صدارت کر سکتے ہیں۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کر دی تھی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کل قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی۔

موجودہ سیاسی صورتحال کا پس منظر

واضح رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے ایک خط لہرایا تھا اور کہا تھاکہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے جو اس بات کا ثبوت ہے۔

اس کے بعد 31 مارچ کو قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے مراسلے والے ملک کا ذکر کرتے ہوئے ’امریکا‘ کا نام لیا اور پھر غلطی کا احساس ہونے پر رکے اور کہا کہ نہیں باہر سے ملک کا نام مطلب کسی اور ملک سے باہر سے، البتہ بعد میں انہوں نے کھل کر کہا کہ خط امریکا میں تعینات ان کے سفیر نے بھیجا لیکن اس میں امریکا کا پیغام تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ’ یہ آفیشل ڈاکومنٹ ہے، جس اجلاس میں یہ بات ہوئی وہاں ہمارے سفیر نوٹس لے رہے تھے، جس میں یہ کہا گیا کہ اگر عمران خان وزیراعظم رہتا ہے تو ہمارے آپ کے ساتھ تعلقات خراب ہوجائیں گے اور آپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، ہمیں کوئی باہر کا ملک دھمکی دے رہا ہے اور کوئی وجہ بھی نہیں بتا رہا، بس ایک چیز بتا دی کہ عمران خان نے اکیلا روس جانے کا فیصلہ کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’روس جانے کا فیصلہ دفتر خارجہ اور عسکری قیادت کی مشاورت سے ہوا، ہمارا سفیر ان کو بتا رہا ہے کہ یہ مشاورت سے ہوا ہے انہوں نے کہا نہیں یہ صرف عمران خان کی وجہ سے ہوا، انہوں نے لکھا جب تک وہ ہے ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہوسکتے، اصل میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران کی جگہ جو آئے گا ان سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘

بعد ازاں اسی خط کو جواز بناکر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے 3 اپریل کو وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی اور عدم اعتماد کی قرارداد کو ملک دشمنوں کی سازش قرار دے کر مسترد کردیا۔

3 اپریل کو ہی عمران خان کے خطاب کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی تاہم اپوزیشن نے اس سارے عمل کو غیر آئینی قرار دیا اور اسمبلی کے اندر ہی دھرنا دے دیا۔

قومی اسمبلی کی کارروائی پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا جس کی پانچ روز تک سماعت جاری رہی جس کے بعد 7 اپریل کو سپریم کورٹ نے 3 اپریل کے ڈپٹی اسپیکر اور صدر اور وزیراعظم کے تمام احکامات کالعدم قرار دے کر اسمبلی بحال کردی اور 9 اپریل کو عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے اس اہم ترین کیس کی سماعت کی جس میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی شامل تھے۔