بیجنگ: وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورہِ چین کے دوران دونوں ممالک کے مابین معاشی، صنعتی اور زرعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ بیجنگ میں چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچر سائنسز کے دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو “اعزازی پروفیسر شپ” کی ڈگری سے نوازا گیا، جس پر انہوں نے اکیڈمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے اور پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور پاک چین تعلقات کی سالگرہ کے موقع پر یہ کامیابی ہمیشہ یادگار رہے گی۔
بیجنگ میں چینی کاروباری وفود نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں، جہاں وزیرِ اعظم نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان اور چینی کمپنیاں طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ ملاقاتوں میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اقتصادی و صنعتی تعاون کو تیز کرنے کا عزم دہرایا گیا۔ وزیرِ اعظم نے پورٹ قاسم، گوادر اور پاکستان کے معدنیاتی شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا خصوصی طور پر خیرمقدم کیا۔
دورے کے اگلے مرحلے میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چین کی معروف آئی بی آئی (IBI) کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان روایتی روابط کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پاک چین اقتصادی و تکنیکی تعاون کو مزید دستاویزی اور عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔