مکہ مکرمہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اسلامی شعور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے رواں سال حج کے موقع پر عازمینِ حج کی سہولت اور دیکھ بھال کے لیے بہترین اور مثالی انتظامات کیے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ اور مضبوط اسلامی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور حجاج کرام کے لیے شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہے۔