منیٰ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منیٰ پیلس میں روایتی سالانہ استقبالیہ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان، حج وفود کے قائدین اور خادم حرمین شریفین کے خصوصی مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب میں البانیہ اور چاڈ کے صدور، ترکیہ اور مالدیپ کے نائب صدور جبکہ مصر، موریطانیہ اور گنی کے وزرائے اعظم بھی شریک ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور علامہ طاہر اشرفی نے تقریب میں نمائندگی کی۔
اپنے خطاب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین کی طرف سے عالم اسلام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی خدمت کی عظیم ذمہ داری عطا کی ہے۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ زائرین اور حجاج کرام کی خدمت سعودی عرب کے لیے اعزاز کی بات ہے، اور شاہ عبدالعزیز کے دور سے شروع ہونے والے خدمت کے اس سفر کو آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے حج انتظامات کو مثالی قرار دیتے ہوئے حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات پر سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔