اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے محکمہ داخلہ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (CTD) اور ڈیلٹا فورس کو جدید ترین اسلحہ اور حفاظتی سامان فراہم کر دیا ہے۔ یہ اقدام شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پولیس فورس کو فراہم کردہ نئے عسکری ساز و سامان میں اینٹی ایئر کرافٹ گنز فضائی خطرات اور دور تک مار کرنے کی صلاحیت کے لیے، جدید سنائپر گنز ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کے لیے، اینٹی ڈرون گنز جاسوس یا دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنانے کے لیے، جدید سیفٹی کٹس اہلکاروں کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی معیار کی جیکٹس، ہیلمٹ اور دیگر سامان شامل ہے۔
محکمہ داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اور ڈیلٹا فورس کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی سے ان کی آپریشنل صلاحیتوں میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔ خاص طور پر اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی شمولیت سے حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کی نگرانی مزید محفوظ ہو سکے گی۔وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ دارالحکومت کے شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مقصد جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ پولیس کو فراہم کردہ یہ جدید اسلحہ نہ صرف فورس کا مورال بلند کرے گا بلکہ شہر میں سیکیورٹی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔