اسلام آباد: قومی اسمبلی نے “معرکہ حق” میں دشمن کے خلاف حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔
یہ قرارداد وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کی۔ قرارداد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن دفاعِ وطن کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ایوان نے قومی فخر کے ساتھ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ قرارداد میں واضح کیا گیا کہ “معرکہ حق” نے بھارت کے جھوٹے بیانیے اور “فالس فلیگ آپریشنز” کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔
اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کردہ متن میں کہا گیا کہ قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کی قربانیاں ملکی سلامتی کی ضامن ہیں۔ ایوان نے اس بات پر زور دیا کہ پوری سیاسی قیادت اور عوام دفاعِ وطن کے معاملے پر اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔