ماسکو: روس نے ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ماسکو میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر صدر پیوٹن نے کہا کہ انہیں ایران کے سپریم لیڈر کا پیغام موصول ہوا ہے۔
صدر پیوٹن نے ایرانی سپریم لیڈر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ کے ذریعے بھی اپنی نیک تمنائیں پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے ایرانی عوام اس مشکل وقت سے کامیابی کے ساتھ گزریں گے اور خطے میں امن قائم ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روس ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے مفادات کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے ایران کی حمایت پر روس اور صدر پیوٹن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
روسی خبر ایجنسی کے مطابق صدر پیوٹن نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ روس ایران کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو جاری رکھے گا اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔