ممبئی: معروف مزاحیہ اداکار راجپال یادیو نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم اوم شانتی اوم میں کردار قبول کیوں نہیں کیا تھا۔
اداکار کے مطابق فلم کی پروڈکشن بابی چاؤلہ کے ذمہ تھی جنہوں نے انہیں شاہ رخ خان سے ملاقات کا مشورہ دیا، تاہم بعد میں ان کے بارے میں غلط فہمی پیدا ہو گئی کہ انہوں نے مصروفیت کے باعث فلم کرنے سے انکار کیا ہے، جبکہ انہیں اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔
راجپال یادیو نے کہا کہ یہ صرف ایک غلط فہمی تھی جس کی وجہ سے ان کے حوالے سے منفی تاثر پیدا ہوا، تاہم بعد ازاں تمام معاملات درست ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم بلو کے سیٹ پر شاہ رخ خان نے انہیں گلے لگا کر اس غلط فہمی کو دور کیا۔ راجپال یادیو نے شاہ رخ خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مکمل اور ورسٹائل اداکار ہیں جنہوں نے تھیٹر، ٹی وی اور فلم ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
اداکار نے یہ بھی بتایا کہ فلم بلو میں انہوں نے “بدبدیا” کا کردار ادا کیا تھا، تاہم اس فلم میں انہیں بعد میں عرفان خان نے ری پلیس کیا۔
واضح رہے کہ راجپال یادیو اس وقت اپنی نئی فلم بھوت بنگلہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 17 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔