کامیاب آپریشن سے امن و استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوا، آئی جی پنجاب کچہ کے علاقے پہنچ گئے

کامیاب آپریشن سے امن و استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوا، آئی جی پنجاب کچہ کے علاقے پہنچ گئے

راجن پور: آئی جی پنجاب عبدالکریم نے راجن پور کے کچہ ایریا کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے سرکل بنگلہ اچھا میں پولیس آپریشن اور سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران آئی جی پنجاب کو کریمنلز کے خلاف جاری پولیس کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے پولیس پوسٹوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کھانا کھا کر ان کا حوصلہ بلند کیا۔ آئی جی پنجاب نے کچہ ایریا میں فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں کی ویلفیئر کے لیے فوری اور بھرپور اقدامات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں کچہ آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے۔ کامیاب آپریشنز کے نتیجے میں علاقے میں امن و استحکام کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔
 حکومتِ پنجاب کی جانب سے کچہ کے عوام کے لیے تعلیم، صحت اور بنیادی انفراسٹرکچر پر مشتمل خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ علاقے کو ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔
 آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ پولیس نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے بلکہ علاقے کی سماجی و معاشی بہتری بھی ترجیحات میں شامل ہے۔