28 ویں ترمیم کی باتیں صرف میڈیا تک محدود پیپلز پارٹی سے کوئی مسودہ شیئر نہیں ہوا: مراد علی شاہ

  28 ویں ترمیم کی باتیں صرف میڈیا تک محدود پیپلز پارٹی سے کوئی مسودہ شیئر نہیں ہوا: مراد علی شاہ

 سیہون :وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 28 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اب تک پاکستان پیپلز پارٹی سے کسی نے کوئی بات نہیں کی اور اس مبینہ ترمیم کی باتیں صرف میڈیا میں ہی سامنے آ رہی ہیں۔ سیہون میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ نئی ترمیم کا کوئی ڈرافٹ یا مسودہ پیپلز پارٹی کو نہیں ملا، اور یہ بات واضح ہونی چاہیے کہ ہماری رضا مندی کے بغیر اسمبلی سے کوئی بھی ترمیم پاس نہیں کرائی جا سکتی۔

آئندہ بجٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، تاہم صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ غریب عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ انہوں نے انتظامی تبدیلیوں کی افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں نئے اضلاع بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔