لاہور:وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ستھرا پنجاب’ وزیراعلیٰ مریم نواز کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت عیدالاضحیٰ پر صفائی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مخصوص مقامات کے علاوہ کہیں اور مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بیوپاریوں کو منڈیوں میں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں، تاہم شہر میں جگہ جگہ گندگی پھیلانا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہوگا۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات نے صحافی برادری کے لیے اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صحافی کالونی فیز ٹو پر سکروٹنی کمیٹی نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے۔ حکومتِ پنجاب بہت جلد صحافی برادری کو فیز ٹو کے حوالے سے بڑی خوشخبری دینے جا رہی ہے۔
سیاسی صورتحال اور اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے سامنے آنے والی کرپشن کی داستانیں ایک حقیقت ہیں اور وہاں پیسوں کے عوض وزارتیں بانٹے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی ان کے حق میں بات نہ کرے، اس کے ساتھ بدتمیزی اور نازیبا سلوک کرنا اس پارٹی کا باقاعدہ مائنڈ سیٹ بن چکا ہے۔