کراچی کے تعلیمی اداروں میں آن لائن منشیات سپلائی کرنے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب؛ ‘انمول عرف پنکی’ سمیت 70 کارندوں کی فہرست تیار

کراچی کے تعلیمی اداروں میں آن لائن منشیات سپلائی کرنے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب؛ ‘انمول عرف پنکی’ سمیت 70 کارندوں کی فہرست تیار

کراچی:کراچی میں تعلیمی اداروں کے طلبہ کو نشانہ بنانے والے اور ڈیجیٹل ذرائع سے نشے کا دھندا کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف سپیشل برانچ نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سپیشل برانچ نے شہر بھر میں آن لائن منشیات فروخت کرنے والے 70 ہائی پروفائل منشیات فروشوں کی خفیہ فہرست مرتب کر لی ہے، جس میں “انمول عرف پنکی” نامی مبینہ سرغنہ سمیت متعدد خواتین سپلائرز کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق، کراچی کے تمام 7 اضلاع (ڈسٹرکٹس) میں روایتی اڈوں کے بجائے اب منشیات کا کاروبار جدید ترین طریقوں پر منتقل ہو چکا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے یہ گروہ سوشل میڈیا، موبائل فونز اور واٹس ایپ کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ ہولناک انکشاف بھی ہوا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچنے کے لیے خواتین سپلائرز کی ایک بڑی تعداد کو اس مکروہ دھندے میں شامل کیا گیا ہے۔
خفیہ رپورٹ میں سب سے تشویشناک انکشاف یہ کیا گیا ہے کہ ان منشیات فروشوں کا اصل ہدف شہر کے تعلیمی ادارے اور نوجوان نسل ہے۔ یہ گروہ مختلف حربوں سے سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ تک رسائی حاصل کرتا ہے اور انہیں خطرناک و مہنگے نشے کی لت میں مبتلا کر رہا ہے۔
سپیشل برانچ نے مرتب کردہ تفصیلی فہرست کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے، جس کے بعد تعلیمی اداروں کے گرد ونواح اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر متحرک ان عناصر کے خلاف ایک بڑے اور منظم کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔