ڈرگ مافیا ‘پنکی’ نیٹ ورک میں کئی نام نہاد معتبر نام سامنے آ گئے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے؛ ملزمہ کو گلیمرائز نہ کیا جائے، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی پریس کانفرنس

ڈرگ مافیا ‘پنکی’ نیٹ ورک میں کئی نام نہاد معتبر نام سامنے آ گئے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے؛ ملزمہ کو گلیمرائز نہ کیا جائے، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی پریس کانفرنس

کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہائی پروفائل آن لائن منشیات فروش ‘انمول عرف پنکی’ کیس میں سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزمہ کے نیٹ ورک میں معاشرے کے کئی معتبر اور بااثر چہرے سامنے آئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے دو ٹوک اعلان کیا کہ اس گھناؤنے دھندے اور زہر کے کاروبار میں ملوث کسی بھی بااثر شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمہ کا کوئی ایک اکاؤنٹ نہیں بلکہ متعدد خفیہ اکاؤنٹس کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔

آئی جی سندھ نے ملزمہ کے طریقہ کار اور اس کی سیکیورٹی کے حوالے سے میڈیا کو اہم تفصیلات سے آگاہ کیا۔پریس کانفرنس کے دوران آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا  “ملزمہ زیادہ تر لاہور میں رہتی تھی، کراچی آتے ہی ہماری فورس نے اسے انتہائی مشکل آپریشن کے بعد گرفتار کیا۔ میڈیا سے اپیل ہے کہ ملزمہ کو گلیمرائز نہ کیا جائے کہ اس کی مجرمانہ زندگی پر کوئی فلم ہی بن جائے۔ اس وقت کیس کی حساسیت کے پیشِ نظر ملزمہ کو کسی سے بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔
آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ جس نوعیت کے مقدمات اب تک درج ہو چکے ہیں، ان کی روشنی میں تفتیش کے دوران مزید چونکا دینے والے انکشافات ہو رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال اور معتبر ناموں کے سامنے آنے کے بعد کارروائی کا دائرہ ملک گیر کر دیا گیا ہے، اور اس نیٹ ورک کے تمام سہولت کاروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔