بیجنگ: چین کے جنوب مغربی خود مختار علاقے گوانگشی میں 5.2 شدت کے زلزلے نے تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں گر گئیں اور جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث خطے میں کم از کم 13 عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، جس کے ملبے تلے دب کر 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس تباہ کن زلزلے کی گہرائی زمین میں صرف 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز لیوژو شہر کا لیونان ضلع تھا۔ گہرائی کم ہونے کی وجہ سے زلزلے کے جھٹکے انتہائی شدید نوعیت کے تھے، جس سے پکے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جو ملبے تلے دبے مزید ممکنہ افراد کو نکالنے اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ آفٹر شاکس (زلزلے کے بعد کے جھٹکوں) کا سلسلہ بھی متوقع ہے۔