بیجنگ :چین نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے پاکستان میں ہونے والے مذاکرات کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ چینی حکام نے اسلام آباد مذاکرات کو ایک “مثبت پیش رفت” قرار دیتے ہوئے امریکہ اور ایران سمیت تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ خطے کے وسیع تر مفاد میں تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کریں۔
چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کو امید ہے کہ تمام متعلقہ فریقین جنگ بندی کی مکمل پاسداری کریں گے۔ حکام نے واضح کیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔ فریقین کو چاہیے کہ وہ ایسی کسی بھی کارروائی سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔
امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز پر جاری لفظی جنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے چین نے سخت موقف اپنایا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر تمام فریقین کو انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ عالمی توانائی کی سپلائی چین کا تحفظ چین کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے بیجنگ تمام فریقین کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
بیجنگ کا یہ بیان مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کی توثیق کرتا ہے۔ چین کا یہ پیغام واشنگٹن اور تہران کے لیے ایک واضح اشارہ ہے کہ عالمی برادری آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی یا تجارتی ناکہ بندی کو قبول نہیں کرے گی، کیونکہ اس کے اثرات براہِ راست عالمی معیشت پر پڑیں گے۔