اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عالمی سطح پر متحرک سفارت کاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں، جن میں علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی تنازعات کے حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خطے کی مجموعی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال کا احاطہ کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو میں پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک لے جانے اور سی پیک (CPEC) سمیت دیگر اہم منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اسحاق ڈار نے آسٹریا کی ہم منصب سے بھی فون پر گفتگو کی، جس کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت عالمی اہمیت کے حامل امور زیرِ بحث آئے۔
آسٹریا کی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے کلیدی سفارتی کردار کو سراہا۔ آسٹریا نے تسلیم کیا کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر تنازعات کے حل کے لیے اہم پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔