راولپنڈی: راولپنڈی کرپشن کیس میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے سابق اے ڈی سی آر سیالکوٹ، اقبال سنگھیڑا کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خصوصی ٹیم نے ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا، اور اسے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اقبال سنگھیڑا 13 نومبر کو راولپنڈی سے لاہور منتقلی کے دوران پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا۔ اس کی گرفتاری کے لیے تین مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جن کی سربراہی ایس پی صدر ڈویژن انعم شیر خان کر رہی تھیں۔
ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس نے فرار میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے چار پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا ہے۔ ان اہلکاروں کو عدالت نے گزشتہ روز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پولیس نے ان اہلکاروں کا موبائل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ وہ ملزمان سے رابطے میں تھے۔
پولیس نے اقبال سنگھیڑا کے فرار میں استعمال ہونے والی گاڑی کے بارے میں بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم گاڑی کا نمبر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے رجسٹریشن کی تفصیلات حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایکسائز دفاتر اور این ایچ اے کو مراسلہ بھیجا ہے تاکہ گاڑی کی تفصیلات اور ٹول پلازہ سے گزری گئی معلومات حاصل کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ اقبال سنگھیڑا کے فرار کے بعد اس کے بھائی سمیت 6 نامعلوم ملزمان اور 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔