لاہور: لاہور کے قدیم علاقے بھاٹی گیٹ میں پیش آنے والے دلخراش حادثے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے جاں بحق ہونے والی ماں اور معصوم بچی کی موت کی ہولناکی کی تصدیق کر دی ہے۔ طبی شواہد کے مطابق دونوں کی اموات سر اور گردن پر لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئیں۔
ہسپتال ذرائع کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والی خاتون سعدیہ اور ان کی معصوم بچی کی موت کسی ایک چوٹ سے نہیں بلکہ جسم کے حساس حصوں پر لگنے والے شدید ضربات کے نتیجے میں ہوئی۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ماں اور بیٹی کے سر اور گردن کی ہڈیاں ٹوٹنے سے فوری موت واقع ہوئی۔دونوں کے سروں پر گہرے زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں، جو حادثے کے وقت لگنے والے زوردار جھٹکے کی عکاسی کرتے ہیں۔ سعدیہ کے دائیں کندھے کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی پائی گئی، جو جسم پر لگنے والی متعدد چوٹوں میں سے ایک ہے۔