لاہور:لاہور سمیت پنجاب کی 33 جیلوں میں ویڈیو کالز کی سہولت کے باوجود قیدی آڈیو کالز کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ جیل حکام کے مطابق گزشتہ دو سالوں میں ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کی گئی مگر قیدیوں نے زیادہ تر آڈیو کالز کا استعمال کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق قیدیوں نے 4 کروڑ 72 لاکھ سے زائد آڈیو کال منٹس جبکہ صرف 3 لاکھ 48 ہزار ویڈیو کال منٹس استعمال کیے۔ لاہور کی دونوں جیلوں میں قیدیوں نے آڈیو کالز میں 75 لاکھ منٹس جبکہ ویڈیو کالز میں محض 10 ہزار منٹس استعمال کیے۔
قیدیوں کے لیے خصوصی ویڈیو و آڈیو کال بوتھ بنائے گئے ہیں جہاں وہ ہفتہ وار تین بار، ہر بار 20 منٹ کی کال کر سکتے ہیں۔ جیل حکام کے مطابق قیدی ذاتی وجوہات کی بنا پر ویڈیو کالز کو کم ترجیح دیتے ہیں جبکہ کالز کا مکمل ڈیٹا بیک اپ کے ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے۔