لاہور: پنجاب میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ترجمان کے مطابق، عید کے دنوں میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت دیگر ملحقہ اضلاع میں موسم شدید ترین گرم رہے گا اور وہاں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اور قربانی کے امور کی انجام دہی کے دوران گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری دن کے گرم ترین اوقات میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے پانی اور مائع اشیاء کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔