لاہور: پنجاب اسمبلی نے معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دینے اور تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر پاک فوج اور تمام دفاعی اداروں کو مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ یہ قرارداد صوبائی وزیر خزانہ و پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ایوان میں پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان معرکہ حق کے شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے، جن کی بدولت آج وطن عزیز کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے قرارداد میں واضح کیا کہ معرکہ حق کی کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد اور یگانگت کا نتیجہ تھی۔ میڈیا، علما کرام، سول سوسائٹی اور اقلیتی برادری سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ قرارداد کے مطابق فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کی صفوں کو تہہ و تیغ کر دیا، جس کے بعد بھارت سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور ہو گیا۔ ایوان نے اس بات پر زور دیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبوں سے لڑی جاتی ہیں؛ ہماری فوج موت کو فخر سمجھتی ہے جبکہ دشمن موت سے ڈرتا ہے۔
ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اب کبھی بھارتی ناپاک سوچ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پوری قوم اپنی محافظ افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔