پاک چین مثالی سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل؛ صدر اور وزیراعظم کی دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد

پاک چین مثالی سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل؛ صدر اور وزیراعظم کی دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد

اسلام آباد: پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے تاریخی سنگِ میل پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ملکوں کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ باہمی اعتماد، خودمختار برابری، امن اور ترقی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی یہ دوطرفہ تعلقات اور مثالی دوستی اب ایک مضبوط شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سی پیک (CPEC) کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس تاریخی سنگِ میل کو شایانِ شان انداز میں منانا پاک چین تعلقات کی گہرائی، وسعت، مضبوطی اور تابناک مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں اقوام کے درمیان لازوال رشتے کو سراہتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ یہ دوستی آنے والے وقت میں مزید بلندیوں کو چھوئے گی۔