پاکستان کا بڑا خلائی سنگ میل ای او-3 سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

پاکستان کا بڑا خلائی سنگ میل ای او-3 سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

کراچی: پاکستان نے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او-3 کو کامیابی سے خلا میں روانہ کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ سیٹلائٹ چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا، جو پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا ایک اہم مرحلہ ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقامی سطح پر تیار کردہ ای او-3 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کی خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی نگرانی کے لیے جدید اور اعلیٰ معیار کی تصویری معلومات فراہم کرے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ای او-3 سیٹلائٹ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن نظام کی بنیاد رکھے گا جو مختلف قومی ضروریات کی تکمیل اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔

خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو نے بھی اس تاریخی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا جبکہ خلائی پروگرام میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے تعاون کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا گیا۔