پاکستان عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی ’مڈل پاور‘ قرار، ایشیا ٹائمز نے سفارتی کامیابیوں کی مہر لگا دی

پاکستان عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی ’مڈل پاور‘ قرار، ایشیا ٹائمز نے سفارتی کامیابیوں کی مہر لگا دی

اسلام آباد :بین الاقوامی جریدے ’ایشیا ٹائمز‘ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کو عالمی سیاست میں ایک ابھرتی ہوئی ’مڈل پاور‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے اپنی متوازن سفارتکاری کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی اہمیت کا لوہا منوا لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اب محض ایک علاقائی ملک نہیں بلکہ عالمی سطح پر اثر و رسوخ رکھنے والی ریاست بن چکا ہے۔
پاکستان کی ’ملٹی الائنمنٹ‘ پالیسی کو ایک بڑی سفارتی فتح کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان نے انتہائی مہارت کے ساتھ چین، امریکہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بیک وقت مضبوط بنایا ہے، جو اس کی خارجہ پالیسی کی پختگی کا ثبوت ہے۔ پاکستان اب عالمی طاقتوں کے درمیان ایک ’پل‘ کا کردار ادا کر رہا ہے، جس سے وہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے والی ناگزیر ریاست بن گیا ہے۔
جریدے نے مزید لکھا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک جغرافیائی پوزیشن اسے عالمی طاقتوں کے لیے ایک اہم شراکت دار بناتی ہے۔ پاکستان نہ صرف خطے میں امن کے لیے اہم ہے بلکہ وہ عالمی تنازعات میں ثالث کا کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ بدلتی ہوئی عالمی صف بندیوں میں پاکستان کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
تاہم، رپورٹ میں پاکستان کی اس عالمی پیش رفت کے سامنے چند بڑے چیلنجز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ     معاشی عدم استحکام: پاکستان کی مڈل پاور بننے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اس کی کمزور معیشت ہے۔    افغانستان کی صورتحال اور اس سے جڑے سیکیورٹی خدشات پاکستان کی توجہ تقسیم کر سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان ان داخلی اور خارجی چیلنجز پر قابو پا لیتا ہے، تو وہ مستقبل کی عالمی سیاست میں ایک کلیدی ستون کے طور پر مستحکم ہو جائے گا۔