پاکستان عالمِ عرب اور ایران کے درمیان تصادم روکنے میں کامیاب، عالمی برادری کا قیادت پر بھرپور اعتماد: علامہ طاہر اشرفی

پاکستان عالمِ عرب اور ایران کے درمیان تصادم روکنے میں کامیاب، عالمی برادری کا قیادت پر بھرپور اعتماد: علامہ طاہر اشرفی

اسلام آباد : پاکستان علماء کونسل کے سربراہ اور ممتاز مذہبی و سیاسی رہنما علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت کی انتھک محنت کے نتیجے میں ملک کو بڑی سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور پاکستان عالمِ عرب و ایران کے درمیان تصادم کو روکنے میں مکمل طور پر کامیاب رہا ہے۔
نیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ عالمِ اسلام سمیت امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں نے پاکستان کی پالیسیوں اور امن پسندی پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے چند روز میں ملکی صورتحال اور خارجہ امور میں مزید بہتری آئے گی جس کے مثبت ثمرات پوری قوم دیکھے گی۔
علامہ طاہر اشرفی نے عالمی منظرنامے پر پاکستان کے ابھرتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے درج ذیل اہم نکات بیان کیے۔ایران اور امریکہ دونوں نے مذاکرات کے عمل کے لیے پاکستان کو بطور قابلِ اعتماد ثالث تسلیم کیا ہے۔ امریکی صدر کا حالیہ دوٹوک مؤقف پاکستان پر عالمی اعتماد کی علامت ہے، جس نے پاک ،امریکہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز کیا ہے۔ چار ممالک کے وزرائے خارجہ کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقاتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ امن کا قافلہ لے کر نکلے ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ وہی راستہ چنا جو عالمی امن کی طرف جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ   بھارت جو عرصہ دراز سے پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا تھا، اب وہ عالمی سطح پر اپنی موت مر چکا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مذاکرات کی بحالی کے بیان نے پاکستان کی سچائی پر مہر ثبت کر دی ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے گفتگو کے اختتام پر دعا کی کہ امن کا جو پرچم پاکستان کی زمین سے بلند ہوا ہے، وہ آنے والے وقت میں مزید کامیابیاں سمیٹے اور ملک کو استحکام نصیب ہو۔