پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انسدادِ منشیات تعاون کا معاہدہ، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انسدادِ منشیات تعاون کا معاہدہ، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور انسدادِ منشیات کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا، جو باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت اور رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کام کرے گا۔

اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کی روک تھام کے حوالے سے ایک اہم معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک انٹیلی جنس اور معلومات کے تبادلے، مشترکہ حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں منشیات کے خاتمے اور سیکیورٹی تعاون کو اہمیت دیتا ہے، جبکہ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔